بلوچستان میں گرینڈ الائنس کی ہڑتال، غیر حاضر ملازمین کی تنخواہیں روک دی جائیں گی، حکومت کا انتباہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان حکومت کا ہڑتالی سرکاری ملازمین کو انتباہ۔ تمام صوبائی محکمے گرینڈ الائنس کی جانب سے جاری ہڑتال کے تناظر میں اپنے ماتحت تمام ملازمین کو فوراً اپنی جائے تعیناتی پر حاضر ہونے کی ہدایت کریں۔ حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی کو بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے یا کسی بھی قسم کے سرکاری امور میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جو سرکاری ملازم گرینڈ الائنس کی ہڑتال کی آڑ میں اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا، اس کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور حکومتی ضوابط کی خلاف ورزی کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایسے کسی بھی اقدام کو ناقابلِ معافی جرم تصور کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری خزانے سے صرف ان ملازمین کو تنخواہیں جاری کی جائیں گی جو باقاعدہ اپنی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔ غیر حاضر ملازمین کی تنخواہیں روک دی جائیں گی۔


