وزیراعلی کو ہار پہنانا ذاتی فیصلہ تھا پارٹی یا پارلیمانی گروپ سےکوئی تعلق نہیں، زابد علی ریکی

پ ر : جمعیت علما اسلام (JUI) کے رکن بلوچستان اسمبلی میر زابد علی ریکی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو ہار پہنانے کے معاملے پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا اور اس کا ان کی پارٹی یا پارلیمانی گروپ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ 70 سال بعد کسی وزیر اعلیٰ نے واشک کے لیے ایک خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے، اور اسی وعدے کی پاسداری پر انہوں نے وزیر اعلیٰ کو ہار پہنایا۔ میر زابد علی ریکی نے بتایا کہ 7 ماہ قبل وزیر اعلیٰ کے واشک کے دورے کے دوران علاقے کی پسماندگی کو دیکھتے ہوئے بجٹ میں خصوصی فنڈز دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، جو پورا کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ انہوں نے واشک کے عوام کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور اچھے فیصلوں کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشک بھی بلوچستان کا حصہ ہے اور وہاں کی ترقی سے پورے صوبے کو فائدہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں