دالبندین، فصیل کالونی کے دکان میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق، تین زخمی

دالبندین (آن لائن) فصیل کالونی، ایسٹرن بائی پاس کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی چاغی محمد عثمان سدوزئی اور ڈی ایس پی عابد شیرزئی جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے موقع کا معائنہ کیا اور تفتیشی عمل کی نگرانی کی۔ بعدازاں ایس پی چاغی ڈی ایچ کیو اسپتال بھی گئے، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ ایک کباڑ کی دکان میں ہوا، جہاں ایک بچہ پرانے سامان سے کھیلتے ہوئے اچانک دھماکے کی زد میں آ گیا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دکان میں موجود دھماکہ خیز یا پریشرائزڈ مواد لاعلمی میں خریدا گیا تھا، جو بچے کے ہاتھ لگنے سے پھٹ گیا۔مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ علاقے کو سیل کر کے تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں