قلات میں بس پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج، دہشت گردی کے دفعات شامل، سی ٹی ڈی

کوئٹہ (آن لائن)قلات میں بس پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ واقعے میں صابری قوال گروپ سے تعلق رکھنے والے تین موسیقار جاں بحق جبکہ چودہ افراد زخمی ہوئے تھے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مقدمہ تھانہ قلات کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانہ قلات میں درج کیا گیا، جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی بس پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ چودہ افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کا تعلق کراچی سے تھا جو کوئٹہ میں ایک موسیقی کے پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہے تھے ۔پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں