گورنمنٹ سبزل ہائی سکول گزشتہ تین برس سے زبوں حالی کا شکار تھا اب بحالی کے عمل سے گزر رہا ہے، علاقہ مکین

کوئٹہ(پ ر) گورنمنٹ سبزل ہائی سکول، جو گزشتہ تین سالوں سے ویرانی اور زبوں حالی کا شکار تھا، اب رفتہ رفتہ بحالی کے عمل سے گزر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اسکول کی بحالی کے لیے 38 لاکھ روپے بجٹ مختص کیے گئے تھے، تاہم عملی طور پر اسکول میں کوئی خاطر خواہ تبدیلی نظر نہیں آئی تھی۔تعمیراتی کام تاخیر کا شکار رہا، کلاس رومز کھنڈر کا منظر پیش کر رہے تھے، اور طلبا شدید مشکلات کا شکار تھے۔ والدین اور مقامی مکینوں کی جانب سے بارہا شکایات کے باوجود صورتحال جوں کی توں رہی۔تاہم گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران اسکول میں بہتری کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں، جس کا سہرا سبزل ہائی سکول کے موجودہ ہیڈ ماسٹر احمد وقاص کے سر جاتا ہے۔ ان کی ذاتی دلچسپی، انتھک محنت اور مؤثر انتظامی حکمت عملی کے باعث اسکول کا تعلیمی ماحول بہتر ہوا ہے۔ اساتذہ کی حاضری بہتر ہوئی، کلاس رومز مکمل طور پر فعال ہو گئے، اور طلبا کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔مقامی کمیونٹی اور والدین کا کہنا ہے کہ احمد وقاص کی قیادت میں اسکول ایک بار پھر تعلیمی سرگرمیوں کا مرکز بننے جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں