میجر محمد انور کاکڑ پر حملہ بزدلانہ، حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو عوامی مزاحمت ناگزیر ہو جائے گی، مولانا واسع

کوئٹہ(این این آئی) امیر جمعیت علماء اسلام سینیٹر مولانا عبدالواسع نے میجر محمد انور کاکڑ شہید کی شہادت پر ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی انہوں نے کہا کہ میجر محمد انور کاکڑ پر حملہ بزدلوں کی کارروائی ہے،بلوچستان میں خوف کا راج، عوام خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں، کیا یہی ہے حکومتی گڈ گورننس ہے، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، میجر محمد انور کاکڑ کی شہادت بلوچستان کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے بلوچستان کے عوام مسلسل ظلم اور ناانصافی کا شکار ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر بے گناہ شہریوں کی شہادتیں سامنے آ رہی ہیں۔ میجر محمد انور کاکڑ جو ہمیشہ حقیقی مفادات کی پاسداری کرتے رہے ہے، مگر اس وفاداری کو جرم بنا کر نشانہ بنایا گیا۔ ہم اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے امن و امان اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو اس نہج پر پہنچانے والوں کا سخت محاسبہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ بدقسمتی سے، سنجیدہ تجاویز کو سیاسی ہٹ دھرمی اور ضد کی نذر کر دیا گیا ہے، جس کے منفی نتائج پورے صوبے پر مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جمہوریت کی بقا اور بلوچستان کے حقوق کا تحفظ جمعیت علماء اسلام کی اولین ترجیح ہے۔ اگر حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو عوامی مزاحمت ناگزیر ہو جائے گی۔بلوچستان کی عوام کو امن اور استحکام کی ضرورت ہے، جبکہ حکومت اور ریاستی ادارے مکمل بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ عوام اور حکومت کے درمیان خلیج خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور اگر فوری اور سنجیدہ حل نہ نکالا گیا تو حالات مزید بگڑنے کے خدشات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں