ماشکیل، ایف آئی اے اور فورسز کی کارروائی، 33 بنگلادیشی باشندے گرفتار

نوکنڈی (نمائندہ انتخاب) ایف آئی اے (فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی) اور فرنٹیئر کور (ایف سی) نے پاک ایران سرحد کے قریب واقع علاقے ماشکیل میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 33 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق بنگلا دیش سے ہے، جو رواں سال جون اور جولائی کے دوران وزٹ ویزے پر پاکستان آئے تھے۔ تاہم انہوں نے قانونی طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونے کی کوشش کی۔کارروائی کے دوران جب ان سے قانونی دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے، جس پر تمام افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔سرحدی سیکیورٹی اداروں نے اس کامیاب کارروائی کو ملک کی داخلی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا ہے، جبکہ غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے اقدامات مزید سخت کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں