تربت، پاکستان ایران جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کے قیام سے متعلق ردیگ مند میں اجلاس، ہفتے میں تین روز مارکیٹ کھولنے کا فیصلہ

تربت (نمائندہ انتخاب )تربت کے سرحدی علاقے ردیگ مند میں محکمہ انڈسٹریز اینڈ کامرس بلوچستان کی جانب سے قائم کردہ پاک ایران جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کی فعالیت سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایرانی حکام سمیت بلوچستان کے اعلیٰ صوبائی حکام اور ڈویژنل وضلعی افسران نے شرکت کی، اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی، صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان میڈم مینا مجید، پارلیمانی سیکریٹری برائے انرجی میر اصغر رند، پارلیمانی سیکریٹری برائے فشریز حاجی برکت رند، سیکرٹری انڈسٹریز بلوچستان محمد خالد سرپرہ، کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی، ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز مکران ڈویژن فہد رحیم اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔اجلاس کے دوران پاک ایران سرحد پر قائم مشترکہ بارڈر مارکیٹ کو باضابطہ طور پر کھولنے کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ فریقین نے فیصلہ کیا کہ ابتدائی طور پر مارکیٹ ہفتے میں تین روز پیر، منگل اور بدھ کو کھلی رہے گی، جبکہ ایک ماہ بعد مارکیٹ کے دنوں میں توسیع کرکے اسے ہفتے میں پانچ روز کھولا جائے گا۔اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سرحدی علاقوں کی معیشت کو مستحکم کرنے جیسے اہم نکات پر بھی بات چیت کی گئی۔صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان میڈم مینا مجید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کا قیام ایک تاریخی پیش رفت ہے، جو نہ صرف پاک ایران تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گی بلکہ سرحدی عوام کے لیے معاشی خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مارکیٹ کی فعالیت سے دونوں ممالک کے درمیان قانونی تجارت کو فروغ ملے گا اور اسمگلنگ جیسے غیرقانونی ذرائع کی حوصلہ شکنی ہوگی۔واضح رہے کہ جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کامنصوبہ محکمہ انڈسٹریز اینڈ کامرس بلوچستان کے ذریعہ شروع کیا گیا منصوبہ ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز مکران ڈویژن فہد رحیم نے میڈیا کوبتایاکہ ردیگ مند جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کی تعمیراتی کام 2021ء میں شروع کیا گیا تھا جو2023کو مکمل ہوا تھا اور 18مئی 2023کو اس کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا تھا افتتاح وزیراعظم شہباز شریف اور اس وقت کے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کیا تھا تاہم کچھ مشکلات کے باعث جوائنٹ بارڈر مارکیٹ اس وقت فعال نہ ہوسکا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز مکران فہد رحیم نے بتایا کہ محکمہ انڈسٹریز اینڈ کامرس جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کو چلارہی ہے ہماری ہرممکن کوشش ہوگی کہ جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کو خوش اسلوبی کے ساتھ چلاکر یہاں کے عوام اورکاروباری لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچاسکیں، ابتدائی طورپر ہفتہ میں 3دن جبکہ ایک ماہ کے بعد ہفتہ میں 6دن مارکیٹ کھلارہے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ محکمہ صنعت وحرفت کا یہ منصوبہ خطے میں دیرپا اقتصادی ترقی اور استحکام کی بنیاد رکھنے اورمقامی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو نئی جہت دینے کا سبب بنے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں