پاکستان میں غربت کے حوالے سے تشویشناک اعداد و شمار، شرح 28.8 فیصد بڑھ گئی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف مشن کی آمد سے قبل بڑا انکشاف سامنے آیا ہے کہ پاکستان میں غربت بڑھ کر 28.8 فیصد ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کی آمد سے عین قبل پاکستان میں غربت کے حوالے سے تشویشناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ تازہ ترین تخمینوں کے مطابق گزشتہ 6 سال کے دوران ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور مالی سال 25-2024 میں پاکستان کی 28.8 فیصد آبادی غربت کے بے رحم شکنجے میں جکڑی ہوئی ہے۔ پاکستان میں غربت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، سال 19-2018 میں غربت کی شرح 21.9 فیصد تھی، لیکن گزشتہ 6 سال کے دوران اس میں تقریباً 6.9 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 25-2024 کے حالیہ سروے پر مبنی تخمینوں کے مطابق، اب ملک میں غربت کی شرح 28.8 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ صوبائی سطح پر بھی غربت کے گراف میں تیزی دیکھی گئی ہے، جس سے خاص طور پر پنجاب اور سندھ شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے تصدیق کی کہ گزشتہ 6 سال میں آئی ایم ایف کے تین استحکام پروگرامز، کووڈ 19 کے اثرات، اجناس کے سپر سائیکلز، مہنگائی میں اضافہ، کم جی ڈی پی ترقی کی شرحیں، دو شدید سیلاب اور گندم کی سپورٹ قیمتوں کو ترک کرنا جیسے مختلف عوامل کی وجہ سے پاکستان میں غربت کی سطح میں شدید اضافہ ہوا۔


