بلوچستان میں موبائل انٹرنیٹ پرمکمل بندش کی بجائے متوازن حل نکالا جائے، چیمبرآف سمال انڈسٹریز

کوئٹہ (آن لائن) صدر چیمبر آف سمال انڈسٹریز میر مراد بلوچ نے بلوچستان میں حالیہ انٹرنیٹ بندش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، تاہم مکمل انٹرنیٹ بندش سے کاروباری طبقہ شدید متاثر ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہزاروں افراد کا روزگار انٹرنیٹ سے وابستہ ہے۔ موبائل انٹرنیٹ کی بندش کے باعث فوڈ ڈیلیوری، ای کامرس، اور موبائل بینکنگ سمیت فری لانسنگ سے جڑے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔یومیہ اجرت پر کام کرنے والے فری لانسرز بھی بری طرح متاثر ہوتے ہیں، جو انٹرنیٹ کے ذریعے اپنا روزگار کماتے ہیں۔میر مراد بلوچ نے حکومت کے سیکیورٹی اقدامات کو سراہتے ہوئے تجویز دی کہ مکمل انٹرنیٹ بندش کے بجائے صرف حساس ایپلیکیشنز کو محدود کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں روزگار کے تحفظ کے لیے انٹرنیٹ بندش کی ایک متوازن اور دانشمندانہ پالیسی اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں