بلوچستان کے مسائل پر صوبے کی سیاسی جماعتوں کا مشترکہ موقف ہونا چاہیے، جماعت اسلامی/ نیشنل پارٹی
کوئٹہ(این این آئی )جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن صوبائی جنرل سیکریٹری زائد اختر کی قیادت میں وفد نے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میرکبیر احمد محمد شہی کی رہائش گاہ پر نیشنل پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی جس میں میر کبیر محمد شہی ، صوبائی صدر اسلم بلوچ، مرکزی سینیئر نائب صدر میرشاوس بزنجو مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، مرکزی انفارمیشن سیکریٹری علی احمد لانگوشامل تھے ملاقات میں بلوچستان کے اہم سیاسی و سماجی مسائل زیر بحث آئے اور مختلف امور پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں جماعتوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ بہت سے اہم معاملات جن میں لاپتہ افراد کا مسئلہ، بلوچستان کی سیاست میں غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت، روزگار کی بندش اور ساحل و وسائل کی لوٹ مار کے مسائل پر بلوچستان کے سیاسی جماعتوں کا مشترکہ موقف ہونا چاہئے اس موقع پر جماعت اسلامی کی قیادت نے وفاقی حکومت کے ساتھ بلوچستان کے مسائل پر مذاکرات کے حوالے سے نیشنل پارٹی کو دعوت دی کہ وہ مذاکرات میں شریک ہوں جس پر نیشنل پارٹی نے اپنے تجاویز رکھے اور وفد کو یقین دہانی کرائی کی نیشنل پارٹی مشاورت کے بعد بہت جلد جماعت اسلامی کی قیادت کو آگاہ کریگی۔ جماعت اسلامی کے وفد میں صوبائی نائب امیر بشیر احمد ماندائی،صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز نور الدین اور صابر پانیزئی بھی شامل تھے۔


