ایف آئی اے کی گوادر اور کوئٹہ میں کارروائی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
کوئٹہ (این این آئی) ایف آئی اے بلوچستان کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث لینڈ روٹ ایجنٹ سمیت 3 ملزمان گرفتار۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے بلوچستان نے گوادر اور کوئٹہ میں کارروائیاں کرتے ہوئے ہوئے لینڈ روٹ ایجنٹ اور اشتہاریوں سمیت 3 انسانی اسمگلر گرفتار کرلیے، گرفتار ملزمان میں قربان علی، عبدالعلیم عرف واوا اور عوزیب شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم عوزیب غیر قانونی سمندر کے راستے شہریوں کو پاکستان سے ایران بھجوانے میں ملوث ہے، ملزم نے متاثرین سے فی کس 15000 روپے ایران بھجوانے کے لئے ہتھیائے، گرفتار ملزم قربان علی گزشتہ 12 سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھاجبکہ ملزم عبدالعلیم سال 2022 سے مطلوب انسانی اسمگلرز کی لسٹ میں شامل تھا۔ گرفتار ملزمان انسانی اسمگلنگ کے گھناﺅنے جرم میں ملوث ہیں۔ ترجمان کے مطابق ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہوگئے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے اس سے قبل بھی متعدد بار چھاپے مارے گئے، ملزمان سے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔


