پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، 9 وزرا سمیت 10 ایم پی ایز پی ٹی آئی سے برطرف
گلگت (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان اور پی ٹی آئی کے 10 اراکین جی بی اسمبلی (جن میں 9 وزرا بھی شامل ہیں) کو پارٹی کے خلاف سازش کرنے، فارورڈ بلاک بنانے اور پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ ڈالنے کے الزام میں برطرف کر دیا۔ پی ٹی آئی نے سابق گورنر جی بی اور پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر راجہ جلال حسین مقبون کی بنیادی رکنیت بھی معطل کر دی ہے جن پر پارٹی کے خلاف سازش کرنے کا الزام ہے۔ گلگت بلتستان اسمبلی اپنی مدت 26 نومبر کو مکمل کرے گی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ناراض پی ٹی آئی اراکین جی بی اسمبلی میں موجودہ وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان، ان کی کابینہ کے اراکین راجہ اعظم، راجہ ناصر علی خان، سید امجد زیدی، دلشاد بانو، ثریا زمان، حاجی شاہ بیگ، مشتاق احمد، شمس لون، عبد الحمید اور رکن اسمبلی مولانا فضل الرحیم شامل ہیں، نوٹس کے تحت ان کی رکنیت فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ پارٹی کی پالیسی اور قواعد کے مطابق کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں برطرف ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’آپ کی جی بی اسمبلی میں کارروائیاں، خاص طور پر فارورڈ بلاک بنانا اور پارٹی فیصلے کے خلاف ووٹ دینا، پارٹی پالیسی کی کھلی خلاف ورزی ہے، آپ کی ان حرکات سے پارٹی کے مفادات اور ساکھ کو نقصان پہنچا ہے‘۔ مزید کہا گیا کہ پارٹی کے نام، عہدے اور/یا رکنیت کو کسی بھی صورت استعمال کرنے سے گریز کریں، بصورت دیگر پارٹی آپ کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے جو قانونی چارہ جوئی تک بھی جا سکتی ہے۔


