نائیجیریا، شدت پسند تنظیم کے حملے میں 60 سے زائد افراد جاں بحق
ابوجا (مانیٹرنگ ڈیسک) نائیجیریا کی شمال مشرقی ریاست بورنو میں شدت پسند تنظیم کے حملے میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جن میں 7 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملہ ریاست بورنو کے سرحدی علاقے میں واقع گاو¿ں دارل جمال پر کیا گیا۔ برطانوی میڈیا نے مقامی افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آور گاو¿ں میں داخل ہوئے جس کے بعد انہوں نے گھروں میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جبکہ کئی مکانوں کو آگ بھی لگا دی۔ رپورٹس کے مطابق شدت پسند تنظیم کے حملوں میں 20 سے زائد مکانات اور 10 بسیں بھی تباہ ہوگئیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ وہی گاو¿ں ہے جہاں لوگ کئی سال بے دخلی کے بعد گزشتہ ماہ ہی واپس آئے تھے۔ نائیجیریا کی فوج کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں تیز کی گئی ہیں تاکہ بوکو حرام اور اس کے دیگرگروپس کے حملوں کو روکا جا سکے۔


