حکومت ہمارے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے ہمیں مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، مولانا واسع
کوئٹہ (آن لائن)جے یو آئی بلوچستان کے سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ جے یو آئی بلوچستان کی سب سے بڑی حقوقی اسٹیک ہولڈر جماعت ہے، یہ کسی خاص طبقے کی نہیں بلکہ تمام طبقات کی نمائندہ جماعت ہے۔ ہماری تاریخ قربانیوں اور جدوجہد سے بھری ہے۔ وطن کے دفاع سے لے کر اسلام کی سربلندی تک، جے یو آئی نے ہمیشہ سب سے آگے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے کہاکہ جے یو آئی ملک کو لاکھوں ایسے علما دے چکی ہے جو ایک ساتھ کئی محاذوں پر قوم اور ریاست کی خدمت کر رہے ہیں۔ چاہے امن و امان ہو، قدرتی آفات ہوں یا سیلاب و زلزلے، جے یو آئی کے کارکن ہمیشہ سب سے آگے رہے اور عوام کی بے لوث خدمت کی۔مگر آج انہی محب وطن کارکنوں کو وطن سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔ روزانہ ہمارے کارکن شہید کیے جا رہے ہیں، زخمی کیے جا رہے ہیں اور اغوا تک کر لیے جاتے ہیں۔ حکومت زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے ہمیں مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔انھوں نے کہاکہ صوبہ بدترین بحرانوں میں گھرا ہوا ہے۔ عوام فاقہ کشی پر مجبور ہیں، بیروزگاری اور مہنگائی نے زندگی اجیرن کر دی ہے۔ لیکن دوسری طرف وہی نمائندے جو کبھی مفلس اور مقروض تھے، آج چند برسوں میں صوبے کے سب سے بڑے ٹائیکونز اور ملٹی ملینئرز بن گئے ہیں۔ عوام غربت میں پس رہی ہے اور یہ کرپٹ ٹولہ صوبے کے وسائل کو بے دردی سے لوٹ رہا ہے۔انھوں نے کہاکہ اس کے برعکس جے یو آئی کے نمائندے آج بھی کچے گھروں میں رہ رہے ہیں، پیدل چلتے ہیں اور غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ یہی اس بات کا سب سے بڑا ثبوت ہے کہ علما کی جماعت مخلص ہے، دیانتدار ہے اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔اب فیصلہ عوام کے سامنے ہے کہ مخلص کون ہے؟ وہ جو آج بھی جھونپڑیوں میں رہتا ہے یا وہ جو بڑے شہروں میں عالی شان محلات بنا چکا ہے؟انھوں نے کہاکہ ہم صاف کہتے ہیں آج ہی احتساب شروع کیا جائے۔ اگر یہ لوٹ مار اور کرپشن نہ رکی تو عوام کے دلوں میں نظام کے خلاف نفرت بڑھے گی، اور یہی مایوسی تخریب کار عناصر کے ہاتھوں میں کھیل بن جائے گی۔انھوں نے کہاکہ جے یو آئی بلوچستان نے ہمیشہ اسلام، وطن اور عوام کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دے گی۔ ہم کسی کرپٹ اور لٹیرے ٹولے کو صوبے کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔


