چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایمان مزاری کیساتھ تلخ مکالمہ قابل مذمت ہے، بلوچستان بار کونسل

کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جناب جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کے ایڈووکیٹ ایمان مزاری کے ساتھ تلخ مکالمہ کی پرزور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکیل آفیسر آف دی کورٹ ہوتے ہیں اور ان کا احترام اور تقدس اسی طرح مقدم ہے جس طرح ایک معزز جج کا جو کہ آئین و قانون کے دائرے کے اندر رہ کر عدالتی کارروائی کررہے ہوتے ہیں۔ ایمان مزاری ایڈووکیٹ اپنے کلائنٹ کے کیس کی سماعت کیلئے چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوئی تھیں نہ کہ چیف جسٹس کا دیدار کر نے گئی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد کا آمرانہ رویہ ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور اس طرح کے کسی بھی جج کو عدالتی کارروائی سے دور رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے سپریم جوڈیشل کونسل کے معزز اراکین سے درخواست کی کہ مذکورہ واقعہ کا سخت ترین نوٹس لے کر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جناب جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کو عہدہ سے فارغ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں