وفاقی حکومت کے 16 ماہ، قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ، اسٹیٹ بینک

کراچی (انتخاب نیوز) وفاقی حکومت کے 16 ماہ کے دوران قرضوں میں13 ہزار 78 ارب روپےکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اسٹیٹ بینک نے قرضوں کے بارے میں تفصیلات جاری کردیں۔ رپورٹ کے مطابق شہبازحکومت نے پہلے 16 مہینوں کے دوران کتنا قرضہ لیا؟ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات میں تفصیلات سامنے آگئیں۔ اسٹیٹ بینک کی دستاویزات کے مطابق موجودہ حکومت کے پہلے 16 ماہ میں قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپےکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی حکومت کے قرضوں میں یہ اضافہ مارچ 2024 سے لے کر کرجون 2025 کے دوران ہوا، اسی عرصے میں وفاقی حکومت کا مقامی قرضہ 11 ہزار 796 ارب روپے بڑھا۔ دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کے بیرونی قرضے میں 1282 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ وفاقی حکومت کا قرضہ جون 2025 تک77 ہزار 888 ارب روپے رہا۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ فروری 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضے 64 ہزار 810 ارب روپے تھے، فروری 2024 تک مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جون 2025 تک مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 54 ہزار 471 ارب روپے ریکارڈ ہوا جبکہ فروری 2024 تک وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے تھا۔ دستاویز کے مطابق جون 2025 تک مرکزی حکومت کا بیرونی قرضہ 23 ہزار 417 ارب روپے رہا جبکہ پاکستان پر جون 2025 تک قرضے اور واجبات 94 ہزار 197 ارب کی سطح پر پہنچ چکے تھے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2024۔25 میں پاکستان پر قرضوں اور واجبات میں 8 ہزار 740 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں