کوئٹہ میں مقامی بسوں کی ہڑتال اور بندش کے باعث طلبہ شدید پریشانی کا شکار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) مقامی بسوں کی ہڑتال اور بندش، طلبہ شدید مشکلات کا شکار۔ کوئٹہ میں مقامی بسوں کی ہڑتال اور بندش کے باعث طلبہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے سبب طلبہ کو کئی کئی کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرنا پڑ رہا ہے۔ خصوصاً گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج کوئٹہ کے طلبہ کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ کالج پیدل آتے اور جاتے ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف وقت کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ جسمانی تھکن اور گرمی میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طلبہ نے شکایت کی ہے کہ سرکاری بسیں بھی انہیں راستے میں دیکھ کر نہیں اٹھاتیں، جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ ہم طلبہ کی جانب سے میر لیاقت علی لہڑی، بخت محمد کاکڑ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر مقامی بسوں کے مسئلے کو حل کیا جائے اور طلبہ کو سہولت فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی، ہم سرکاری بسوں کے منیجر حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ طلبہ کو راستے میں دیکھ کر بٹھائیں تاکہ انہیں گھر پہنچنے میں آسانی ہو۔ علاوہ ازیں، گرین بس سروس سے مطالبہ ہے کہ وہ طلبہ سے نصف کرایہ وصول کرے تاکہ وہ باعزت طریقے سے سفر کر سکیں۔ یہ مسئلہ طلبہ کی تعلیم اور صحت دونوں پر اثر انداز ہو رہا ہے، جس کا فوری حل ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں