شمع جونیجو کی سلامتی کونسل اجلاس میں شرکت کے حوالے سے وضاحت وزات خارجہ کرسکتی ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (انتخاب نیوز) 25 ستمبر کو وزیر دفاع خواجہ آصف نے مصنوعی ذہانت کے موضوع پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کیا تھا، تاہم ان کی تقریر کی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تیزی سے پھیل گئی تھیں، کیونکہ صارفین نے پس منظر میں شمع جونیجو کو بیٹھے ہوئے دیکھا اور ان کے پرانے ٹوئٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے، جن میں انہوں نے اسرائیل کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ہنگامہ آرائی کے بعد خواجہ آصف نے وضاحت کی کہ انہوں نے یہ خطاب وزیراعظم شہباز شریف کی مصروفیات کی وجہ سے ان کی جگہ کیا تھا، وزیراعظم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 80ویں اجلاس میں شریک تھے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ یہ خاتون کون ہیں، وہ وفد کے ساتھ کیوں ہیں اور میرے پیچھے کیوں بیٹھی تھیں؟ ان سوالات کا جواب صرف وزارت خارجہ دے سکتی ہے، میرے لیے ان کی جگہ جواب دینا مناسب نہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ 60 برسوں سے ان کی فلسطین کے مسئلے سے جذباتی وابستگی اور ذاتی کمٹمنٹ ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ ابوظبی میں کام کے دوران فلسطینی دوستوں اور ساتھیوں کے ساتھ رہے ہیں اور آج بھی ان سے رابطے میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں