کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ ناکام، 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، سیکورٹی حکام
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سیکورٹی حکام کے مطابق پانچ دہشت گرد جو ایف سی ہیڈ کواٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے انہیں مار دیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری سوزوکی گاڑی ایف سی ہیڈ کواٹرز کے داخلی دروازے کے ساتھ ٹکرا دی اور پیچھے سے آنے والے سفید ڈبہ کیری میں مبینہ دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈ کواٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی جو ایف سی اہلکاروں نے ناکام بنادی ۔ خودکش حملہ آور کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں نے دھماکے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ حملے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ دھماکے میں 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔


