عمران خان آپ کو کچھ نہیں کہے گا، اس سے ڈرنا بند کریں، صحافیوں کا اتنا درد ہے تو پیکا ایکٹ ختم کرواﺅ، محمود خان اچکزئی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہاں بات کی جاتی ہے کہ عمران خان کو کون سنبھالے گا، میں کہتا ہوں آئیں بسم اللہ کریں، عمران خان آپ کو کچھ نہیں کہے گا، عمران خان سے ڈرنا بند کریں، مجھے پاکستان کی تمام پارٹیاں یہ لکھ کر دے دیں اور ایک ایگریمنٹ بنا لیں کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی اور آئین کی عزت ہوگی، ایکخود مختار آزاد الیکشن کمیشن کا قیام جس سے صاف شفاف الیکشن کروائے جاسکتے ہوں، طاقت کا سرچمہ عوام ہوگی اور عوام کی نمائندگی پارلیمنٹ کرے گی، کسی فوج کے ذیلی ادارے کو یہ حق نہیں ہوگا کہ وہ سیاست میں مداخلت کرے، جو شخص جہاں رہتا ہے وہ اس جگہ کے وسائل کا مالک ہے، ایک تقسیم کردیں کہ بلوچستان کے رہنے والوں کا یہ حصہ ہے، پنجاب کے رہنے والوں کا یہ حصہ ہے، سندھ کے رہنے والوں کا یہ حصہ ہے، خیبر پختونخوا کے رہنے والوں کا یہ حصہ ہے تو ان شاءاللہ یہ لڑائی ختم ہوجائے گا۔ ہمیں یہ ایک معاہدے کی شکل میں پاکستان کی تمام سیاسی پارلیاں لکھ کر دے دیں میں وعدہ کرتا ہوں تحریک تحفظ آئین پاکستان عمران خان سے اس کو منظور کراکے عمران خان سے دستخط کروا کے دے دے گی، بسم اللہ ایک نئے پاکستان کا قیام کریں۔ مزید پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ٹونی بلیئر کو فلسطین کا وائسرائے بنایا جارہا ہے جس نے دنیا کو یہ غلط یقین دلایا کہ عراق میں ایٹمی ہتھیار ہے جس کی وجہ سے لاکھوں مسلمان عراق میں قتل ہوئے اور اس شخص نے TV پر آکر بس ایک sorry کہہ دیا۔ اس قسم کے بندے کو شہباز اینڈ کمپنی سپورٹ کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حولدار اسپیکر اور دو نمبر وزیراعظم کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ملک میں اتنے مسائل ہیں اور عمران خان کے کسی صحافی کے ساتھ بدتمیزی پر بہت تکلیف ہو رہی تھی جس پر مذمتی قرارداد بھی پاس کرائی۔ ارے بابا اگر تمہیں واقعی صحافیوں کا درد ہے تو پیکا ایکٹ ختم کرواﺅ۔


