انجیرہ اور زہری سے رشتہ صدیوں پرانا ہے ہمیں ہمارے علاقے سے بے دخل کرنے کا سوچنا بھی محض خام خیالی ہے، حمزہ زہری

خضدار(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری اپنے آبائی علاقے انجیرہ (زہری) پہنچے، جہاں انہوں نے شہدا زہری کی قبروں پر حاضری دی اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ ان کے ہمراہ ان کے قریبی رفقا بھی موجود تھے انجیرہ آمد پر تخت جھالاوان انجیرہ کے شہریوں نے نوابزادہ امیر حمزہ زہری کا پرتپاک استقبال کیا۔ علاقے میں مختصر قیام کے دوران انہوں نے انجیرہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور مختلف عوامی وفود سے ملاقاتیں کیں، جنہوں نے انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ انجیرہ اور زہری سے میرا اور میرے خاندان کا رشتہ صدیوں پرانا ہے۔ ہمارے آبا و اجداد اسی سرزمین میں مدفون ہیں۔ ہمیں ہمارے علاقے سے بے دخل کرنے کا سوچنا بھی محض خام خیالی ہے انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے والد نواب ثنا اللہ زہری ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دیتے آئے ہیں اور جھالاوان کی ترقی ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے خضدار میں تعلیمی اداروں کے قیام اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو اسی وژن کا تسلسل قرار دیا نوابزادہ امیر حمزہ زہری کا کہنا تھا کہ زہری کا ہر فرد ہمارے لیے اہمیت رکھتا ہے، اور ہمیں ان کے دکھ درد کا بخوبی احساس ہے۔ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارا اپنے علاقے سے تعلق ختم ہو چکا ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں کوئی بھی شخص یا کوئی قوت بھی ہمارا تعلق زہری سے ختم نہیں کرسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں