ڈی آئی خان، پولیس چوکی پر حملے میں اہلکار، فورسز کے آپریشن میں میجر شہید، 7 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

پشاور (انتخاب نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر کی گئی ایک کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر سبطین حیدر شہید ہوگئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے جنرل ایریا درابن میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں 7 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع کوئٹہ کے رہائشی 30 سالہ میجر سبطین حیدر شہید ہوگئے۔ علاوہ ازیں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) اشفاق انور نے تصدیق کی کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھٹی میں پولیس کی ایک چوکی پر دہشت گردوں نے مختلف اطراف سے حملہ کیا۔ حملے میں چوکی انچارج احمد نواز شدید زخمی ہوئے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں