کے پی کے نامزد وزیراعلیٰ کا ماضی ریاست مخالف ہے، افغانستان سے دہشتگردی کا سلسلہ بند نہ ہوا تو زیادہ بگاڑ ہوگا، خواجہ آصف
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان سے روز ہماری سرزمین پر حملے ہورہے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم روزانہ جنازے اٹھائیں اور کابل کوئی ایکشن نہ لے، سرحد پار سے دہشتگردی کا سلسلہ بند نہ ہوا تو زیادہ بگاڑ ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان ہماری زمین کی حرمت کا خیال رکھے، ہم ان کا خیال رکھیں گے، نہیں چاہتے کہ تلخی میں مزید اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور بھارت کے تعلقات میں گرم جوشی نظر آرہی ہے، اگر افغانستان ہمسائیگی کے فرائض پورے کرے تو ان کے بھارت سے تعلقات پر اعتراض نہیں، افغانستان سے روز ہماری سرزمین پر حملے ہورہے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم روزانہ جنازے اٹھائیں اور کابل کوئی ایکشن نہ لے، سرحد پار سے دہشت گردی کا سلسلہ بند نہ ہوا تو زیادہ بگاڑ ہوگا۔ یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا ماضی ریاست مخالف ہے، دیکھتے ہیں کہ اگر وہ وزیراعلیٰ بنے تو ان کا رویہ کیا ہوگا۔ مذہبی جماعت کے احتجاج پر وزیر دفاع نے کہا کہ آج احتجاج کیلئے نکلنے والے کاش غزہ میں مظالم پر بھی باہر نکلتے۔


