پاکستان کا افغان وزیرخارجہ کا دورہ بھارت اور مشترکہ بیان پر تحفظات کا اظہار
ویب ڈیسک : پاکستان نے افغان وزیرخارجہ کے دورہ بھارت اور دونوں ممالک کے درمیان جاری کیے گئے مشترکہ بیان پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق افغان سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔دفتر خارجہ نے کہا کہ مشترکہ اعلامیہ میں جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے کی کوشش کی گئی، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔افغانستان اور بھارت کے مشترکہ بیان میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو نظرانداز کیا گیا، جس پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔ترجمان کے مطابق مشترکہ اعلامیہ میں دہشتگردی سے متعلق دیے گئے بیانات بھی اشتعال انگیز ہیں۔ کہا گیا کہ دہشتگردی کا معاملہ پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے، حالانکہ پاکستان متعدد بار اس بات کے شواہد پیش کر چکا ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند جیسے دہشتگرد گروہ افغان سرزمین سے آپریٹ کرتے ہیں۔دفتر خارجہ نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ بھارت کے بیانیے کا حصہ بننے کے بجائے علاقائی امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرے۔


