میرے نام کے ساتھ زرداری، بھٹو اور شریف نہیں، میرا لیڈر نہیں چاہتا تو کوئی یہاں آپریشن نہیں کرسکتا، نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
پشاور (انتخاب نیوز) خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صوبے کا 30 واں وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا صرف عمران خان کا ہے اور یہاں پر صرف عمران خان کی چلے گی، میرا لیڈر جب آپریشن کیخلاف ہے تو یہاں کوئی آپریشن نہیں کرسکتا۔ میرے پاس کھونے کے لیے پیسہ ہے نہ کرسی، بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ان کی فیملی کے مشورے کے بغیر کہیں اور منتقل کیا تو پورا ملک جام کر دیں گے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ براہ مہربانی آپ افغانستان کی پالیسی پر نظر ثانی کریں، جو بھی پالیسی بنائیں، اس میں خیبرپختونخوا کی حکومت، یہاں کے عوام اور قبائلی لوگوں کو اعتماد میں لیں، ان شا اللہ مثبت جواب آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کو بتایا گیا تھا کہ ایک دفعہ آپ پھر خیبرپختونخوا میں دہشتگردی لا رہے ہیں، تو آپ یہ پختونوں کے سر کا سودا کر رہے ہیں، لوگوں نے جب مزاحمت شروع کی اور جلسے جلوس شروع کیے، تو کچھ لوگ بھاگ نکلے، کچھ وہاں رہے، جب ہم سوال کرتے ہیں کہ ایک بار پھر دہشتگردی آ رہی ہے، تو آپ کہتے تھے کہ یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ نو منتخب وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس طرح ہمارا لیڈر ملٹری آپریشن کے خلاف ہے، میں یقین دلاتا ہوں کہ ہمارے ہوتے ہوئے کوئی آپریشن نہیں کرسکتا، فوجی آپریشن مسئلے کا حل نہیں، دنیا ڈائیلاگ کی طرف جا رہی ہے، آپ نے کتنے آپریشن کرلیے، دہشتگردی پھر واپس آگئی، یعنی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں، تمام فیصلے بند کمروں میں کیے گئے، ذات کے لیے فیصلے کیے گئے، یہ اس مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا حل یہ ہے کہ آپ کہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ہے، اگر ایسا ہے تو یہاں کی صوبائی حکومت، منتخب نمائندوں، لوکل گورنمنٹ اور قبائلی عوام کو اعتماد میں لینا ہوگا، ان سے پوچھنا ہوگا کہ مسئلہ کیسے حل کیا جائے، ان کی رائے کے مطابق فیصلے کریں گے تو مسئلہ حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ ہم عمران خان سے عشق کرتے ہیں، اس سے پہلے آپ نے لوگ دیکھے ہوں گے، جو سیاست کرتے تھے، ہم عشق کرتے ہیں، آپ نے جس طرح قبائلیوں کو عزت بخشی، اور شعور دیا ہے، میں آپ کو یقین دلواتا ہوں، کہ خیبرپختونخوا صرف عمران خان کا ہے اور یہاں پر صرف عمران خان کی چلے گی۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ میرا لیڈر صرف خیبرپختونخوا اور پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کا مقبول ترین لیڈر ہے، وہ جانتے تھے کہ قبائلی محرومی کا شکار ہیں، آج تمام قبائلی عمران خان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ نئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پرچی سے وزیراعلیٰ نہیں بنا، قبائلی علاقے ترقی میں پیچھے رہ گئے، ان میں احساس محرومی موجود تھا، جو اب ختم ہونے جا رہا ہے، قبائلیوں کا احساس محرومی دور کرنے کے لیے مجھے وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے، میرے نام کے ساتھ زرداری، بھٹو اور شریف نہیں ہے، میرا تعلق قبائلی اضلاع سے ہے، جہاں کے عوام خوشیاں منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم ہے، جس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میرے خاندان کا کوئی فرد سیاست میں نہیں، میرے انتخاب پر قبائلی اضلاع میں خوشیاں منائی جارہی ہیں، اپنی محنت سے اس مقام پر پہنچا ہوں۔


