ریکوڈک مائننگ کمپنی اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے درمیان پائیدار معاشی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال

کراچی (انتخاب نیوز) بیرک مائننگ کارپوریشن کے زیر انتظام چلنے والے ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی)نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کیو سی سی آئی) کے ایک وفد کی میزبانی کی۔ اس موقع پر ریکوڈک منصوبے میں تعاون اور مقامی کاروباری اداروں کی شمولیت کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت صدر محمد ایوب اور نائب صدر ناصر خان نے کی، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباری افراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ریکوڈک مائننگ کمپنی کے کنٹری منیجر، ضرار جمالی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ریکوڈک منصوبے کے حجم اور امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی اور اس کے بلوچستان اور پاکستان کے کان کنی کے شعبے پر متوقع انقلابی اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آر ڈی ایم سی بلوچستان کے ممکنہ سپلائرز اور وینڈرز کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے تاکہ ایک جامع اور مسابقتی سپلائی چین تشکیل دی جا سکے، جہاں مقامی کاروباروں کو شرکت کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔ کوئٹہ چیمبر کے صدر محمد ایوب نے آر ڈی ایم سی کی مقامی سطح پر رسائی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا "ہم آج یہاں بلوچستان کی کاروباری برادری کی نمائندگی کے لیے آئے ہیں۔ ہمارا مقصد آر ڈی ایم سی اور چیمبر کے درمیان ایک مضبوط اور باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری قائم کرنا ہے، تاکہ بلوچستان میں مشترکہ ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔ لاہور یا کراچی جیسے بڑے شہروں کے برعکس، بلوچستان کا صنعتی ڈھانچہ محدود ہے، اور ہمیں امید ہے کہ آر ڈی ایم سی کی مقامی خریداری کی پالیسی اس خلا کو پر کرنے اور مقامی کاروباروں کو بااختیار بنانے میں مدد دے گی۔ نائب صدر ناصر خان نے آر ڈی ایم سی کے سماجی ترقی کے اقدامات کو مثالی قرار دیا اور مقامی برادریوں اور کاروباروں کے ساتھ کمپنی کے جامع اور شمولیتی رویے کی تعریف کی۔ وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے آر ڈی ایم سی کے سربراہ برائے سپلائی چین اور کمرشل امور، کلیمنز اینگل بریچٹ (Clemens Engelbrecht) نے کہا "آر ڈی ایم سی کے لیے یہ نہایت اہم ہے کہ وہ مقامی کاروباروں کی ترقی کو ایک پائیدار، ضابطہ جاتی اور کمیونٹی پر مبنی طریقے سے سپورٹ کرے، تاکہ دیرپا اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ عزم پروجیکٹ آپریٹر بیرک کے بنیادی اصولوں کا حصہ ہے، جس کا مظاہرہ ہماری مختلف آپریشنز میں کمیونٹی کی ترقی کی کئی مثالوں سے ہوتا ہے۔ جیسے جیسے ریکوڈک پاکستان کی سب سے بڑی تانبہ اور سونا نکالنے والی کان بنتی جا رہی ہے، ہم ایسے قابل اعتماد مقامی وینڈرز اور سپلائرز کے ساتھ شراکت داری کے لیے پرعزم ہیں جو معیار، حفاظت اور دیانت کے ہمارے عالمی اصولوں پر پورا اتریں، اور ساتھ ہی بلوچستان کے کان کنی کے شعبے کی طویل مدتی سپلائی چین کی استعداد کو مضبوط بنائیں۔ ریکوڈک مائننگ کمپنی جو حکومت بلوچستان اور حکومت پاکستان کے ساتھ ایک مشترکہ منصوبے کے تحت کام کر رہی ہے، اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ ریکوڈک کو ذمہ دارانہ کان کنی اور جامع معاشی ترقی کی ایک مثالی مثال کے طور پر ترقی دے۔ کمپنی شفافیت، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مو¿ثر روابط، اور پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کے اصولوں پر کاربند ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں