وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، دہشتگردی کی ہر شکل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس دوران قومی و عالمی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے دہشتگردی کی ہر شکل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے بیرونی دوروں، ملاقاتوں اور علاقائی صورتحال پر کابینہ کو اعتماد میں لیا جبکہ داخلی حالات، سیکورٹی چیلنجز اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں افغانستان سے شرانگیزیوں، خوارج کی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا، کابینہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید افواج پاکستان کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جب کہ کابینہ ارکان نے دہشتگردی کی ہر شکل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بین الحکومتی تجارتی معاملات سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، اوورسیز امپلائمنٹ اور ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن و ٹریننگ کے ایجنڈے پر بھی غور کیا گیاجب کہ قانون سازی سے متعلق کیسز پر کابینہ کمیٹی کے 3 اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں ریگولیٹری ریفارمز سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا جب کہ اس دوران وزارت توانائی کی جانب سے پاور سیکٹر میں اصلاحات پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔


