پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، زرداری، شہباز شریف

اسلام آباد (کے پی آئی )صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے بغیر برصغیر کا دائمی امن و استحکام خواب ہی رہے گا، صدر مملکت نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27اکتوبر 1947کو بھارتی افواج نے سرینگر میں داخل ہو کر نہ صرف بین الاقوامی قانون اور اخلاقی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی بلکہ کشمیری عوام کی امنگوں کو بھی پامال کیا، جس کے نتیجے میں جدید تاریخ کے ایک سیاہ ترین باب کا آغاز ہوا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط کے تحت جموں و کشمیر کے بے قصور مرد، خواتین اور بچے پچھلی کئی دہائیوں سے بدترین ریاستی جبر، تشدد اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے کا مقصد کشمیری عوام کی جرات مندانہ جدوجہد اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جو اپنے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کے لیے ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کا حوصلہ آج بھی بلند ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں