افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام، انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 4 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (پ ر) خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر سیکورٹی فورسز نے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش کی۔ ترجمان فوج کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے گروہ کی دراندازی کے خلاف موثر کارروائی کی گئی اور ان کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں میں انتہائی مطلوب خارجی امجد عرف مزاحم بھی شامل تھا، ہلاک ہونے والا خارجی امجد، خوارج کمانڈر نور ولی کا نائب تصور کیا جاتا تھا اور بھارتی پراکسی کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ ترجمان فوج کے مطابق خارجی کمانڈر امجد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا جب کہ حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی تھی، ہلاک ہونے والا دہشتگرد افغانستان میں رہائش پذیر ہونے کے باوجود پاکستان کے اندر متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں