پنجگور میں محکمہ صحت کی بدحالی کی سب سے بڑی وجہ کھاتہ سسٹم، طبی مراکز تمام بنیادی سہولیات سے محروم
پنجگور (خصوصی رپورٹ: حضور بخش قادر) ڈسٹرکٹ پنجگور میں بہت سے محکموں کے کھاتہ سسٹم پر چلنے کا انکشاف، محکمہ صحت سرفہرست۔ ذرائع کے مطابق پنجگور میں محکمہ صحت کی بدحالی کی سب سے بڑی وجہ کھاتہ سسٹم ہے، پنجگور میں جو لوگ ڈیوٹی دے رہے ہیں بوجہ ایمرجنسی اگر ایک دو دنوں تک ڈیوٹی نہ دے سکیں تو نہ صرف تنخواہیں کٹوتی کی جاتی ہیں بلکہ جواب طلب اور تذلیل تک کی جاتی ہے۔ دوسری جانب جو ملازمین سالہا سال ڈیوٹی انجام نہیں دیتے اور اپنی جگہ متبادل رکھا ہے ان کی نہ تنخواہیں بند ہوتی ہیں اور نہ ہی جواب طلب کیا جاتا ہے، اسی وجہ سے محکمے تباہ حالی کا شکار ہوگئے ہیں۔ شہر کے اندر کے اسپتالوں اور آر ایچ سی بی ایچ یو ز مرکز صحت کا برا حال ہے، دور دراز علاقوں میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس سلسلے میں علاقے کے عوامی حلقوں نے محکمہ صحت پنجگور کی ناقص کارکردگی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ پنجگور میں محکمہ صحت میں بہتری لانے کے لیے کھاتہ سسٹم کو فوری طور پر ختم کرکے ان افسران اور کلرک کے خلاف کارروائی اور تحقیق شروع کی جائے جنہوں نے کس قانون کے تحت کھاتہ سسٹم شروع کر رکھا ہے۔ دوسری جانب پنجگور میں ای پی آئی کی سرکاری موٹر سائیکل غیر متعلقہ افراد کے استعمال ہونے کا انکشاف۔ پنجگور میں ای پی آئی کے ان ملازمین کو موٹر سائیکل سے محروم رکھا گیا ہے جو مسلسل ڈیوٹیاں دے رہے ہیں اور حفاظتی ٹیکہ جات لگاتے ہیں ان لوگوں کے استعمال میں ہیں جنہوں نے مختلف ذرائع سے افسران کو بلیک میل کیا ہے۔ پنجگور میں ای پی آئی کا شعبہ صحت افسران کی وجہ سے متاثر ہے۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر پنجگور سے اپیل کی ہے کہ ای پی آئی کی تمام موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی تحقیقات کی جائے۔


