شہباز شریف کا 27ویں آئینی ترمیم میں وزیراعظم کو استنثنیٰ دینے کی شق واپس لینے کا حکم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو 27ویں آئینی ترمیم میں وزیراعظم کو استثنیٰ دینے سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی مجوزہ شق واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو مکمل طور پر جوابدہ رہنا چاہیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان سے واپسی پر مجھے معلوم ہوا کہ ہماری جماعت کے چند سینیٹرز نے وزیراعظم کو استثنیٰ دینے سے متعلق ایک ترمیم جمع کرائی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں ان کے نیک ارادے کا احترام کرتا ہوں، مگر یہ تجویز کابینہ سے منظور شدہ مسودے کا حصہ نہیں تھی، میں نے اسے فوراً واپس لینے کی ہدایت کر دی ہے‘۔ شہباز شریف نے کہا کہ ’اصولی طور پر ایک منتخب وزیراعظم کو عدالتِ قانون اور عوام دونوں کے سامنے مکمل طور پر جوابدہ رہنا چاہیے‘۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سینیٹ اور قومی اسمبلی کی کمیٹیاں 27ویں آئینی ترمیم کے مجوزہ بل پر غور و خوض جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں