کوئٹہ شہر کے عوام کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، گورنر جعفر مندوخیل

کوئٹہ(این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کوئٹہ شہر کے عوام کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی کی خصوصی ہدایت کی. گیس سے متعلق تمام عوامی شکایات کے ازالے کیلئے فوری طور پر ٹھوس عملی اقدامات کیے جائیں۔ سخت سردی کے موسم کے دوران گیس کی سپلائی بلاتعطل یقینی بنائے اور رات دس بجے گیس بند کرنے کی بجائے اس میں مناسب توسیع کیا جائے۔ غیرقانونی کمپریسرز لگانے اور مارکیٹ میں فروخت کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ان اقدامات کو ترجیح دیکر گورنر کا مقصد بالخصوص کوئٹہ کے مکینوں کو ریلیف پہنچانا اور ان کے مجموعی معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا. سوئی سدرن گیس کمپنی کے جی ایم محمد راحیل ملک بریفنگ دے رہے تھے. اس موقع پر چیف منیجر بلنگ محمد عمران اعظم اور حافظ محمد یوسف بھی موجود تھے. بریفنگ کے دوران گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عوام پر زور دیا کہ صارفین پر خاصکر واجب الادا گیس کے بلوں کی ادائیگی کے حوالے سے حکومتی کاوشوں میں تعاون فراہم کریں. یہ بات واضح ہے کہ بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے نہ صرف اداروں کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہونگے بلکہ عوامی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگا. یہ بھی مشاہدہ میں آیا ہے کہ بعض علاقوں میں گیس سپلائی کم یا بند کرنے سے بل ادا کرنے والے اچھے صارفین بھی متاثر ہو جاتے ہیں. گورنر بلوچستان کو حال ہی میں گیس کمپنی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور ادارے کے مشکلات سے بھی آگاہ کیا. گورنر بلوچستان نے کہا کہ گیس کی سہولیات فراہمی کیلئے کوششیں تیز کی جائے تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ بروقت ممکن ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں