کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے کمیٹیاں تشکیل دیدیں
کوئٹہ (این این آئی) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ و چیئرمین زرغون ٹاﺅن برائے بلدیاتی انتخابات میر لیاقت لہڑی نے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کیلئے 15رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جبکہ پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کو مرکزی الیکشن سیل اور لہڑی ہاﺅس اور پی پی پی کوئٹہ سٹی سیکرٹریٹ کو سب الیکشن سیل قرار دیدیا ہے۔ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا اجلاس میر لیاقت لہڑی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں نورالدین کاکڑ، اختر بلوچ، شاہجہان گجر، در محمد ہزارہ، ارباب اسد علی کاسی، الطاف گجر، ناز میروانی، سید ایوب آغا، انجینئر احسان اللہ خلجی، وارث خان اچکزئی، ڈاکٹر عبیداللہ کاکڑ، اکرم گل، کلثوم افتحار، نرگس مصطفی، یاسر بشیرسمیت دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور پارٹی امیدواروں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے اور بلدیاتی انتخابات کیلئے زرغون ٹاﺅن کیلئے داﺅد آغا، یاسر بشیر، ملک نورالدین کاکڑ، انجینئر احسان خلجی، صمد خان بادیزئی، ملک ذیشان حسین، وارث خان اچکزئی، ڈاکٹر عبیداللہ کاکڑ، الطاف گجر، علی جان ہزارہ، ملک نوید خراسانی، منصور مشوانی، اکرم گل، کلثوم افتخار اور نرگس مصطفی پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا جو کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تنظیمی سرگرمیوں کی نگرانی کریگی۔ اجلاس میں زرغون ٹاﺅن کے بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کو مرکزی الیکشن سیل جبکہ پی پی پی کوئٹہ سٹی سیکرٹریٹ اور میر لیاقت کی رہائش گاہ لہڑی ہاﺅس کو سب الیکشن سیل قرار دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹرین اور دیگر رہنماﺅں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی ملاقات کے دوران انتخابی لائحہ عمل تیار کرنے ساتھ عوامی رابطے بڑھانے اور دیگر فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔ وفد میں بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ، میر برکت رند، حاجی نور محمد دمڑ، سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، نسیم الرحمٰن، حاجی نور اللہ لہڑی، میر یونس بلوچ، سحرگل خلجی، ارباب اقبال کاسی، میر عطاءلانگو، ایڈووکیٹ انور سلیم کاسی، چودھری شبیر، شاکر محمد حسنی، فتح جمالی، میر مصلح الدین مینگل، اٹل خان اور دیگر اراکین شامل تھے۔ وفد نے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کو اپنی تیاریوں اور فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لیگل کمیٹی کی ذمہ داری میر عطاءاللہ لانگو، ایڈووکیٹ اور انور سلیم کاسی کو سونپی گئی۔ الیکشن پروسس کے موثر طریقہ کار ترتیب دینے کیلئے نسیم الرحمٰن ملاخیل کی سربراہی میں الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبران میں سحرگل خلجی، میر محمد یونس لہڑی، میر نور اللہ لہڑی، میر مصلح الدین مینگل، ارباب اقبال کاسی، فتح جمالی، شاکر محمد حسنی اور چودھری شبیر ہونگے۔ الیکشن کمیٹی امیدواروں کے کاغذات جمع کرنے سے لیکر الیکشن کے آخری انتظامات تک کے ذمہ دار ہونگے۔


