شیرانی کے پہاڑی علاقے کے جنگلات میں آگ لگ گئی، آگ سے چلغوزے کے جنگل کو خطرات لاحق ہیں، ڈپٹی کمشنر

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے ضلع شیرانی کے پہاڑی علاقے کے جنگلات میں آگ لگ گئی ،ضلعی انتظامیہ نے آگ کی شدت کے پیش نظر پی ڈی ایم اے سے مدد طلب کرلی،پی ڈی ایم اے کی ریسیکو ٹیم فائر بال اور دیگر سامان کے ساتھ شیرانی روانہ ہوگئی ۔ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑنے بتایا کہ شیرانی کے علاقے احمدی درگاہ گاو¿ں کے پہاڑوں میں جنگلات میں آگ لگ گئی ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں واقعے کی اطلاع ملتے پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ شیرانی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان سے آگ پر قابو پانے میں مدد کی درخواست کی۔ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر پی ڈی ایم اے کی بارہ رکنی ریسیکو ٹیم 200فائر بال اور دیگر سامان کے ساتھ شیرانی روانہ ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑنے بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ جڑی بوٹیوں میں لگی ہے لیکن آگ پھیل جانے کی صورت میں چلغوزے کے جنگل کو خطرات لاحق ہیں۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے ضلع شیرانی میں جنگل کی آگ سے متعلق قبل ازیں جاری کی گئی رپورٹ کے تسلسل میں یہ بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر کے مطابق آگ آج دوپہر احمدی درگاہ گاﺅں کے پہاڑی سلسلے میں بھڑکی۔ آگ پہاڑ کی بلند چوٹی پر بھڑکنے کے بعد تیزی سے پھیلی اور بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام کے مطابق متاثرہ مقام تک رسائی انتہائی دشوار گزار ہے، کیونکہ گاﺅں سے جائے وقوعہ تک پہنچنے کے لیے ٹیموں کو تقریبا چار گھنٹے پہاڑی راستوں پر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ، لیویز فورس اور فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے ابتدائی اطفائی کارروائیاں شروع کیں۔ تاہم آگ کی شدت اور پھیلاﺅ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)بلوچستان سے اضافی معاونت کی درخواست کی۔جس پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے ریسکیو فورس کو شام 4 بجے کوئٹہ سے متحرک کر دیا گیا، اور ٹیم ضلع شیرانی کے لیے روانہ ہے۔ پی ڈی ایم اے ٹیم کی آمد کے بعد مشترکہ آپریشن کا آغاز کیا جائے گا، جو بلندی اور سخت جغرافیائی حالات میں آگ بجھانے کے لیے ضروری آلات اور خصوصی سازوسامان سے لیس ہے۔ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر کے مطابق آگ سے زیتون اور چیڑ کے درختوں کے ساتھ ساتھ جڑی بوٹیوں، جھاڑیوں اور خشک گھاس کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے ریسکیو فورس، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ، لیویز فورس اور مقامی کمیونٹی کی مشترکہ کوششوں سے آگ کے پھیلا کو روکنے اور اس پر قابو پانے کیلئے کوششیں کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں