مکران میڈیکل کالج سپلیمنٹری نتائج پر طلبہ کا احتجاج شدت اختیار کر گیا، سی پیک روڈ بلاک، دھرنا جاری

تربت(نمائندہ انتخاب)مکران میڈیکل کالج کے سپلیمنٹری نتائج پر پیدا ہونے والی بے ضابطگی پر احتجاج کی شکل اختیار کرلی ہے۔ طلبا و طالبات نے اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کے اعلان کے ساتھ تربت میں اہم شاہراہ سی پیک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گیا اور شہریوں کو ش مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔طلبہ کا کہنا ہے کہ تھرڈ پروفیشنل سپلیمنٹری امتحانات میں چار طلبہ کو وائیوا میں غیر شفاف طریقے سے ناکام قرار دیا گیا اور انہیں سالانہ ری پیٹ ایئر دیا گیا، جو ان کے مطابق امتحانی نظام میں عرصہ دراز سے جاری بے ضابطگیوں اور مبینہ ناانصافیوں کا تسلسل ہے۔احتجاجی طلبہ نے الزام لگایا کہ امتحانی نتائج کی تیاری اور وائیوا کے عمل میں شفافیت کا شدید فقدان ہے، جس کی وجہ سے محنت کرنے والے طلبہ کے مستقبل کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وائیوا کے نتائج کی شفاف تحقیقات کی جائیں،غیر ضروری ناکامیوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے،امتحانی نظام میں اصلاحات لا کر شفافیت یقینی بنائی جائے،اور انتظامیہ طلبہ کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کرے۔طلبہ نے کہا ہے کہ اگر سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔دوسری جانب کالج انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، جس سے طلبہ میں غم و غصہ اور بے چینی مزید بڑھ رہی ہے۔صورتحال کی وجہ سے سی پیک روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلے کو فوری طور پر حل کرکے ٹریفک کو بحال کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے