سرفراز بگٹی پر مکمل اعتماد، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی کوئٹہ میں جیالے کو میئر بنائیں گے، علی مدد جتک

کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رکن صوبائی اسمبلی سابق صوبائی وزیر میر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ ہماری حکومت اپنی مدت پوری کرتے ہوئے کوئٹہ سمیت بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا کر عوام کے مسائل کو حل کرے گی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی سے کامیابی حاصل کرکے جیالا میئر بنائیں گے اور پارٹی سمیت پارلیمانی نمائندوں کا وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غریبوں، کسانوں، مزدوروں، دہقانوں کی پارٹی ہے جس نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے اور ان کے مشن اور نعرہ روٹی کپڑا اور مکان سمیت عوام کو ان کے حقوق کا حصول ان کے دہلیز پر پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں اور پیپلزپارٹی پر امن بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بناتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بناکر صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھارہی ہے جن کے مکمل ہونے کے بعد ان کے ثمرات سے عوام مستفید ہوں گے اور لوگوں کی مشکلات کم ہوں گی اور پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے اس نے بے روزگاری ، مہنگائی، بد امنی اور اقربا پروری کا خاتمہ کرکے عوام کے حقوق کے حصول کو یقینی بنایا ہے کیونکہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں کوئٹہ اور بلوچستان کو ترجیحی بنیادوں پر مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سنجیدگی کےساتھ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انہیں استعمال میں لارہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان پر پارٹی اور پارلیمانی نمائندوں کا مکمل اعتماد ہے اور عوام کی طاقت اور حق رائے دہی سے بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے کوئٹہ میں جیالا میئر بنائیں گے تاکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو ترقی کی راہ پرگامزن کرکے عوام کو مسائل اور مشکلات سے نجات دلا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے