عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیر لائن پی آئی اے کو 135 ارب روپے میں خرید لیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیر لائن پی آئی اے کو 135 ارب روپے میں خرید لیا۔ عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے لیے بولی کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی لگائی اور پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کی۔ مشیر نجکاری کمیشن محمد علی کا کہنا ہے کہ قومی ائیرلائن کی نجکاری اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، حکومت کا مقصد قومی ائیرلائن کوبیچنا نہیں بلکہ اسے پاو¿ں پر کھڑا کرنا ہے، قومی ائیرلائن کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری آئےگی۔ مشیر نجکاری کمیشن کے مطابق حکومت چاہتی ہے قومی ایئرلائن کے 75 فیصدشیئرزکی بولی سے حاصل رقم کا 92.5 فیصد حصہ قومی ائیر لائن کی بہتری پر خرچ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو تہائی پیمنٹ شروع میں اور ایک تہائی پیمنٹ بعد میں کی جاسکے گی، ہم نے بڈرز کو بولی کے بعد دو پارٹیز کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔ بولی کے پہلے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے101.5 ارب روپے کی بولی لگائی جبکہ ائیربلیو نے 26 ارب 50 کروڑروپے کی بولی لگائی۔ عارف حبیب کنسورشیم گروپ نے 115 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی لگائی۔ دوسرے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے 120.25ارب روپے کی نئی بولی لگائی جبکہ عارف حبیب کنسورشیم نے 121 ارب روپے کی نئی بولی لگائی۔


