واٹر مینجمنٹ پنجگور کی بدعنوانیوں کی تحقیقات کرکے زمینداروں کو انصاف فراہم کیا جائے، بی این پی

پنجگور (بیورو رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری زمیندار میر نذیر احمد بلوچ نے کہا ہے واٹر مینجمنٹ پنجگور کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی فوری طور پر تحقیقات شروع کرکے علاقے کے زمینداروں کے ساتھ انصاف کیا جائے بصورت دیگر علاقے کے زمینداروں کے ساتھ ملکر احتجاج اور دفتر کے اس وقت تک گھیراﺅکرینگے جب تک زمینداروں کو انصاف ملے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے زمیندار اپنی مدد آپ کے تحت کاشت کاری کر رہے ہیں حکومتی مراعات زمینداروں تک پہنچنے سے قبل خورد برد کی نذر ہو جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے سیلاب سے متاثر زمینداروں کی فلاح و بہبود کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز لینڈ لیولنگ اور ٹریکٹر ز گھنٹوں کے مد میں آئے تھے مگر مختلف علاقوں کے زمینداروں کو نظر انداز کر کے چند زمینداروں کو پانچ پانچ گھنٹے دیے گئے جو زمینداروں کے ساتھ زیادتی اور نا انصافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال واٹر مینجمنٹ پنجگور کی جانب سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے تعاون سے ایک منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت ہر زمیندار کو (3 تا 4) ایکڑ زمین کی ہمواری (لینڈ لیولنگ) اور (400 سے 600)فٹ بندات کی تعمیر کے لیے ٹریکٹر سروس فراہم کی جانی تھی۔بدقسمتی سے یہ منصوبہ آج تک کسی بھی تحصیل میں مکمل نہ ہو سکا۔ تحصیل کوہ بن ، تحصیل گوارگو، تحصیل پروم، نکر ،سبزآپ اور گچک سمیت دیگر علاقوں کے زمینداروں کو نہ ملامطلوبہ سہولیات فراہم کی گئیں اور نہ ہی منصوبے پر شفاف انداز میں عملدرآمد کیا گیا۔ اس منصوبے میں بدعنوانی، نااہلی اور زمینداروں کے ساتھ ظلم کے خلاف سخت احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجگور کے زمیندار اپنی مدد آپ زمینداری کررہے ہیں اور مختلف میں لاکھوں اور کروڑوں روپے خرچ کررہے ہیں مگر حکومت کی جانب سے کوئی ریلیف نہیں جو ریلیف دیگر ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے ملے ہیں وہ بھی زمینداروں کی بحالی کی بجائے کریشن اور اقربا پروری کی نذر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں