مسلط اشرافیہ وسائل پر قابض ہے، بلوچ عوام کو حقوق نہیں ملیں گے تو ریاست کیخلاف غم وغصہ فطری ہے، حافظ نعیم

گوادر (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صوبہ کے نوجوان کو تعلیم، روزگار کی فراہمی میں ہے، ایران افغانستان سے سرحدی تجارت پر پابندی ختم کی جائے، لاپتا افراد کا مسئلہ حل کیا جائے، آپریشن سے صوبہ کے مسائل ختم ہوں گے نہ ہی امن قائم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان کے تحت بنو قابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت فاﺅنڈیشن کو پروگرام کے انعقاد پر مبارکبا دی اور کہا کہ صوبہ کے نوجوان بچوں اور بچیوں کو زی کنیکٹ پروگرام کے تحت نہ صرف مفت آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے بلکہ فنی تربیت اور بلاسود قرض کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنوقابل کو وسعت دے کر زی کنیکٹ کی شکل دی گئی ہے، نوجوانوں کی اخلاقی تربیت اور کھیلوں کا فروغ بھی زی کنیکٹ کا حصہ ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلوچستان میں اسکول جانے کے قابل پچاس فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ بے روزگاری ہوگی، بلوچ عوام کو حقوق نہیں ملیں گے تو عوام کا ریاست کے خلاف غم وغصہ فطری ہے۔ مسائل بندوق سے حل نہیں ہوتے، عوام کو ان کے حقوق دیے جائیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سرحدی تجارت پر پابندی کی وجہ سے سمیت بلوچستان بھرکے عوام کو بے شمار مسائل کا سامنا ہےصوبہ میں سرحدی تجارت کو آئینی تحفظ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلا حق صوبہ کے عوام کا ہے۔ مسلط اشرافیہ وسائل پر قابض ہے پورے کا پورا نظام ہی فرسودہ ہے، گلے سڑے نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ بلوچستان کا نوجوان جماعت اسلامی سے مل کر نظام بدلنے کی جدوجہد کرے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ زی کنیکٹ پروگرام ایک انقلابی اقدام ہے، جماعت اسلامی دستیاب وسائل سے اپنے حصہ کی شمع روشن کرر ہی ہے، ہم پورے ملک کے نوجوانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ بلوچستان کے مسائل حل ہوں گے تو ملک آگے بڑھے گا۔ صوبہ میں ڈیڑھ دولاکھ کے قریب ملازمتیں ہیں جبکہ چالیس لاکھ نوجوان بے روزگار ہے، معاشی بدحالی ہوگی، لوگوں کے پیاروں کا اٹھا لیا جائے گا تو عوام سے کیسے توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، آئین کی پاسداری کی سب سے اہم ذمہ داری ریاست کو چلانے والے طبقہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے لانگ مارچ کیا، ہم جدوجہد جاری رکھیں گے، بلوچستان کے عوام، خصوصی طور پر نوجوان نظام بدلنے کی جدوجہد کا حصہ بنے

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے