بسیمہ پرائمری بوائز سکول کلی چوٹ میں اساتذہ کی غیر حاضری کے باعث طلبہ تعلیم سے محروم

بسیمہ (نمائندہ انتخاب) کونسلر میر محمد قاسم عیسیٰ زئی نے اپنے ایک بیان میں کلی چوٹ کے سرکاری پرائمری بوائز سکول کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکول میں تعینات اساتذہ طویل عرصے سے اپنے فرائض سے غائب ہیں، جس کے باعث طلبہ کا تعلیمی مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سال 2026 کے آغاز سے ہی سکول میں تدریسی عمل تقریباً معطل ہو چکا ہے اور مقامی لوگوں کو یہ بھی معلوم نہیں کہ یہاں کون سے اساتذہ تعینات ہیں اور کون بچوں کو تعلیم دینے کا ذمہ دار ہے۔ اساتذہ کی مسلسل غیر حاضری نے تعلیمی نظام کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
میر محمد قاسم عیسیٰ زئی کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر غریب والدین کے بچے ہو رہے ہیں، جو مالی مشکلات کے باعث نجی تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے سے قاصر ہیں۔ نتیجتاً یہ بچے تعلیم جیسے بنیادی حق سے محروم ہو رہے ہیں، جبکہ صاحبِ حیثیت افراد کے بچے باآسانی پرائیویٹ سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اانہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور اس حق کی فراہمی میں غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اساتذہ کی عدم حاضری نہ صرف تعلیمی نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے بلکہ یہ ایک سنگین لاپرواہی ہے جس کا نقصان معصوم طلبہ کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
آخر میں انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سکول میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بچوں کا مستقبل مزید متاثر نہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں