افغانستان ، طالبان کا فوجی کیمپ پر خودکش ٹرک بم حملہ، 2اہلکاروں سمیت 6افرادہلاک
مزار شریف :افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ میں سپیشل فورسز کے ایک کیمپ کے باہر ہونیوالے خود کش ٹرک بم دھماکے میں 2 افغان فوجی اور 3 عام شہریوں اور ایک حملہ آور سمیت 6 افراد ہلاک اور 32 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔منگل کے روزاس کی فوجی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔خطے میں قائم آرمی کی 209ویں کور شاہین کے ترجمان حنیف ریضائی نے شِنہوا کو بتایا کہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 45 منٹ پر صوبہ بلخ کے مرکزی علاقے ضلع بلخ میں پیش آیا، لاشوں کو ایمبولینسز اور فوجی گاڑیوں کے ذریعے فوجی اور شہری ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔حملے میں 2 فوجی جوان، 3 عام شہریوں اور ایک حملہ آور سمیت 6 افراد ہلاک جبکہ 26 شہری اور 6 فوجی جوان زخمی ہو گئے ہیں۔یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب کیمپ کی نگرانی کرنے والے فوجی جوانوں نے کیمپ کے قریب پہنچنے والے بمبار کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے روکا لیکن حملہ آور نے ایک ویٹرنری کلینک کے سامنے گاڑی کو دھماکے سے تباہ کردیا جس سے درجنوں مکان تباہ ہو گئے۔عسکریت پسند گروہ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔


