بلوچستان میں امن کی صورتحال انتہائی خراب، عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، کنٹانی و دیگر بارڈرز کھولے جائیں، جمعیت کا گوادر میں احتجاج
گوادر (بیورو رپورٹ) کنٹانی و بارڈر بندش، گوادرمیں ہوشربا مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور بارڈر بندش کے خلاف جمعیت علماءاسلام ضلع گوادر کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے جمعیت علماءاسلام ضلع گوادر کے امیر مفتی رحمت اللہ شاہ عباسی، ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا محمد خیر فاروقی اور تحصیل گوادر کے امیر مولانا محمد الیاس مجاہد دشتی نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام کی قوتِ خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے اور حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔ رہنماﺅں نے کہا کہ کنٹانی مقامی لوگوں کے لیے روزگار کا واحد بڑا ذریعہ تھا، جسے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ بارڈرز کی بندش سے کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گرمی کے موسم میں گیس کی بندش کو عوام کے ساتھ ظلم قرار دیا۔ مقررین نے بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔


