جموں کشمیر انتخابات، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے اتحاد کرلیا، دونوں جماعتیں ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گی، مشترکہ نیوز کانفرنس
مظفر آباد (ویب ڈیسک) جموں کشمیر انتخابات میں پیپلز پارٹی اور جمعیت علماءاسلام نے اتحاد کر لیا۔ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی جموں و کشمیر کے رہنماﺅں نے مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران اتحاد کا اعلان کیا۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ جموں کشمیر میں جے یو آئی کے ساتھ باضابطہ سیاسی اتحاد کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے اتحاد سے ریاست میں دونوں جماعتوں کو فائدہ ہوگا۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا، ایل 14 اور ایل 23 پر جے یو آئی امیدوار دونوں پارٹیوں کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ امیر جے یو آئی جموں کشمیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ آج جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار ہمارا پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد ہوگیا ہے۔ پیپلز پارٹی ہمیں دو حلقوں میں سپورٹ کرے گی، دیگر تمام حلقوں میں جے یو آئی پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو سپورٹ کرے گی۔


