بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلا کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے ,مولانا عبدالحق

کوئٹہ، جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق کا کہنا ہے کہ حکومت بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلا کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبا ہے جس پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے حفظان صحت کے اصولوں پر کاربند رہنا چاہیے۔ دالبندین پریس کلب میں جماعت اسلامی کے دیگر رہنماں صوبائی جنرل سیکریٹری ہدایت اللہ رحمان،امیر جماعت اسلامی چاغی مولانا محمد صادق،سابقہ صوبائی صدر الخدمت میر عاصم سنجرانی،خلیفہ عبد الوہاب،عبد العزیز،امیر محمد سنجرانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے متعلق حکومتی غفلت لوگوں کے جانوں سے کھلواڑ کے مترادف ہوگا جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آر سی ڈی شاہراہ پر واقع ضلع چاغی کو بھی کورونا وائرس سے خطرات لاحق ہیں اس سلسلے میں ایران اور افغانستان کی سرحدوں سے غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ یہ وبا یہاں نہ پھیلے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ملک کے معدنی وسائل سے مالامال خطے چاغی کی پسماندگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے دور دراز علاقوں میں اب بھی صحت اور تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں لوگ معمولی بیماری کے لیے دالبندین یا کوئٹہ جانے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے سے ملک کے قرضے اتارنے کے متعلق وزیراعظم کا بیان بلوچستان کے عوام کی زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے اس صوبے اور ضلعے کو پہلے ہی سے معدنی وسائل کی مد میں کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں مل رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سی پیک کا بڑا شور تھا کہا گیا اس سے بلوچستان کی تقدیر بدل جائے گی لیکن اب بالکل خاموشی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی پیک کی مد میں فنڈز کہیں اور لگانے کی بجائے آر سی ڈی شاہراہ پر واقع چاغی کی ترقی پر لگایا جائے تاکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں