بارش کے پانی کی نکاسی تک وزراء میدان میں موجود رہیں،بلاول بھٹو

کراچی ۛ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزراء کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے ہر شہر اور گاؤں سے بارش کے پانی کا آخری قطرہ نکالے جانے تک میدان میں موجود رہیں ۔ہفتہ کو چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزراء سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور امدادی کاموں سے متعلق معلومات حاصل کیں ۔وزیراعلی سندھ ، وزیرِ بلدیات ناصر شاہ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر شبیر بجارانی نے پارٹی چیئرمین کو بریفنگ دی۔وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے پارٹی چیئرمین کو کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور میرپورخاص کے ان علاقوں کے متعلق آگاہ کیا جہاں سے پانی نکال دیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ صوبے میں ہر جگہ نکاسی آب کا کام تیزی سے جاری ہے۔صوبائی وزیر شبیر بجارانی نے پارٹی چیئرمین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے مختلف حصوں میں آبپاشی کے پانی کا بہا ؤزیادہ ہونے کی وجہ سے نکاسی آب کی رفتار سست رہی لیکن اب محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ تمام دستیاب تمام وسائل کو بارش کے پانی کی اخراج کے لیئے استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس بات کا خیال رکھا جا رہا ہے کہ بارشی پانی کے اخراج کے دوران آبپاشی کی نہروں کی پشتوں کو نقصان نہ پہنچے۔بلاول بھٹو زرداری نے سندھ سمیت پورے ملک میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بارشوں کے دوران اپنے پیاروں کو کھونے اور متاثرین کے لئے مالی امداد کا اعلان کریں۔انہوںنے ہدایت کی کہ صوبے کے ہر شہر اور گاؤں سے بارش کے پانی کا آخری قطرہ نکالے جانے تک وزرا میدان میں موجود رہیں۔بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیر اعلی اور صوبائی وزرا کو بارش کے باعث نقصان کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی گئی ۔پی پی پی چیئرمین نے طوفانی بارشوں کے دوران بہتر کوآرڈینیشن کے ذریعے اقدام اٹھانے پر ارکانِ سندھ کابینہ کو سراہا

اپنا تبصرہ بھیجیں