اکشے کمار کا ’پب جی‘ کا متبادل ’فو جی‘ گیم متعارف کرانے کا اعلان
بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار نے بھارت کی ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ چینی موبائل گیم ’پب جی‘ کا متبادل گیم متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
اکشے کمار نے انسٹاگرام پر ’فو جی‘ گیم کی پرومو تصویر شیئر کرتے ہوئے اعلان وضاحت کی کہ مذکورہ گیم وزیر اعظم نریندر مودی کے آتما نربھار وژن کے تحت پیش کیا جارہا ہے۔
اکشے کمار نے بتایا کہ ’فو جی‘ گیم کے ذریعے جہاں لوگوں کو انٹرٹیمنٹ اور تفریح فراہم کی جائے گی، وہیں اس گیم کے ذریعے بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو بھی خراج پیش کیا جائے گا۔
ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ مذکورہ گیم سے ہونے والی کمائی کا 20 فیصد حصہ ’بھارت کا ویر‘ نامی حکومتی منصوبے میں دیا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت بھارتی حکومت فنڈز جمع کرکے سیکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کو دیتی ہے۔اکشے کمار کے ’فو جی‘ گیم کے حوالے سے ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بولی وڈ کھلاڑی ایک ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ مل کر گیم کو متعارف کرا رہے ہیں۔


