محسن داوڑ کے داخلے پر پابندی، ایسے اقدامات سے مزید نفرتیں بڑھیں گی، بی این پی

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی مذمتی بیان میں کہاگیاہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ ائیرپورٹ پر پی ٹی ایم کے مرکزی رہنماء رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی کوئٹہ وبلوچستان آمد پرپابندی کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،بیان میں کہاگیاہے کہ پی ٹی ایم کے مرکزی رہنماء قانون ساز ادارے کا معزز ممبر ہے وفاقی وصوبائی حکومتوں کاایسا رویہ قابل مذمت ہے حالانکہ بلوچستان کے اپنے روایات ہیں انہیں پائوں تلے رونداجارہاہے نام نہاد جمہوری دور حکومت میں ایسے اقدامات سے مزید نفرتیں بڑھیںگی اور جمہوریت کو ایسی روش سے کمزور کیاجارہاہے ماضی کی طرح ایک بارپھر قوم ،وطن دوست سیاسی ،جمہوری جدوجہد کرنے والوں کیلئے غداری کے سرٹیفکیٹ دئیے جارہے ہیں یقینا جمہوری جدوجہد کو روکنے کے منفی اثرات معاشرے میں نمودار ہوتے ہیں ،بیان میں کہاگیاہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اس اقدام وناروا سلوک کی مذمت کرتی ہے اور پارٹی نے ہمیشہ ناانصافی اور ناروا روش کی بھرپور مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ مظلوم ،محکوم اقوام کی جدوجہد کو قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھی ہے ،پارٹی سمجھتی ہے کہ ایک معزز رکن قومی اسمبلی کے ساتھ ایسا رویہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں عوامی نمائندہ جو اپنے پورے حلقے اور پارٹی کی نمائندگی کرتاہے عوام کی آواز کو بزور طاقت اور قید وبند ،پابندیاں لگانے کی ایسی کوششیں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوئی ہے بلوچستان میں بلوچ پشتون روایات کی بھی پاسداری نہیں کی جارہی ،بیان میں کہاگیاہے کہ اگر واقعی جمہوریت ہے تو یہ لولی لنگڑی جمہوریت میں بھی سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو جلسے جلوس ،سیاسی پروگرامز وسرگرمیوں سے روکنا جمہوریت کیلئے نیک شگون ثابت نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں