وفاق اور صوبوں کا تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے پر اتفاق
اسلام آباد:وفاق اور صوبوں نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15ستمبر سے اسکولوں میں نویں، دسویں کی کلاسیں، کالج اور جامعات کھل جائیں گی،پری پرائمری اور پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے شروع ہونگی، چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسیں 23 ستمبر سے شروع ہوں گی۔ پیر کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزارت تعلیم اور صوبوں نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں میں پڑھائی کا سلسلہ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ 15ستمبر سے اسکولوں میں نویں، دسویں کی کلاسیں، کالج اور جامعات کھل جائیں گی۔اجلاس میں پری پرائمری اور پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے شروع کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا جبکہ چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسیں 23 ستمبر سے شروع ہوں گی۔اجلاس کے بعد میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ والدین کا شکریہ جنہوں نے انتہائی تحمل سے 6 ماہ گزارے، 15ستمبر سے ہائر ایجوکیشن کے ادارے اور کالجز کھل جائیں گے، نویں، دسویں اور گیارہویں کی کلاسز کو بھی اجازت دیدی گئی ہے۔شفقت محمود نے تصدیق کی کہ 23ستمبر کو چھٹی،ساتویں اور آٹھویں جماعت کے طلبا بھی اسکول جاسکیں گے، 30ستمبر سے پری پرائمری اور پرائمری کلاسز بھی شروع کی جاسکیں گی۔انہوں نے کہاکہ بچوں کی صحت کو مانیٹر کرنا بہت ضروری ہے، تمام تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز نافذ ہوں گی،مختلف تعلیمی اداروں میں ہر دو ہفتے بعد ٹیسٹنگ اور اسکریننگ ہو گی۔انہوں نے کہاکہ دعاکرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس فیصلے میں سرخروکرے، اگلے مرحلے میں امتحانات سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔شفقت محمود نے کہاکہ 13مارچ کو سکول بند کرنے کا مشکل فیصلہ کیا تھا۔وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہاکہ کورونا کے دوران بچوں کے امتحانات لینا ناممکن تھا،حالات کا جائزہ لے کر تمام فیصلے کیے گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ ماہرین کی رائے، تھنک ٹینکس رپورٹ اور خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سکول کھولے جانے کے دوران ایس او پیزپر مکمل عمل کرایا جائے گا،صبرو تحمل اور تعاون پر تمام والدین کا مشکور ہوں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ ملک میں کورونا کے حوالے سے حالات تسلی بخش ہیں،تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ پہلے ہائرایجوکیشن ادارے اور پھر چھوٹی کلاسز کھولی جائیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ یونیورسٹی اور کالجز لیب میں زیادہ رش سے گریز کیا جائے،تمام تعلیمی اداروں میں سماجی فاصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے انہوں نے کہاکہ والدین اپنے بچوں کو سکول بھیجتے وقت ماسک کا ضرور استعمال کرائیں۔ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ ماسک کا استعمال ہر حال میں ضروری ہے، کپڑے کا ماسک بھی استعمال کیا جا سکتا ہے،طلباء بخار، کھانسی یا کسی قسم کی بیماری کی صورت میں ہرگز سکول نہ جائیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں ٹمپریچر چیک کرنے کی سہولت ضرور میسرہونی چاہیے،سکولوں اور یونیورسٹیز میں ہر دو ہفتے بعد کورونا کے ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ کورونا پر نظر رکھی جائے


