کراچی پورے پاکستان کو پالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، امداد کی ضرورت نہیں: مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کو کسی امداد کی ضرورت نہیں، یہ شہر پورے پاکستان کو پالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کورنگی میں خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کو اس شہر کے چوکیداروں نے لوٹا ہے، اپنی کرپشن چھپانے کے لیے صوبےکا نعرہ لگایا جا رہا ہے، صوبہ بنانے کے لیے اسمبلی میں ان کے پاس اکثریت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو کسی امداد کی ضرورت نہیں، یہ شہر پورے پاکستان کو پالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، وزیراعظم کراچی سے مخلص ہیں تو شہر میں مردم شماری ٹھیک کرائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی کو پیکج دینا ایسا ہے جیسے مزدور کی پوری تنخواہ لےکر اسے بریانی کی تھیلی دے دی جائے، کراچی پیکج نہیں اپنے حقوق مانگ رہا ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ کراچی کی ایک ڈسٹرکٹ کی حیثیت بحال کی جائے، کراچی کے انتظامی ٹکڑے عوام کو منظور نہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت سے ہمیں کوئی امید نہیں تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے طوفانی بارشوں کے ایک ہفتے بعد کراچی کا دورہ کیا اور شہر کیلئے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا تھا۔

اس اعلان کے بعد پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وفاق کے کراچی کیلئے اعلان کردہ 1100 ارب روپے کے پیکج میں سے 800 ارب روپے کے منصوبے سندھ حکومت کے ہیں۔

بلاول کے بیان کے بعد 6 ستمبر کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے آبی وسائل علی زیدی اور وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق نے کراچی میں پریس کانفرنس کی تھی۔

اسد عمر نے کراچی پیکج سے متعلق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو غلط قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ کراچی پیکج کے منصوبوں میں 62 فیصد فنڈنگ وفاق اور 38 فیصد سندھ کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں